واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈو میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوگیا جبکہ متعدد افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولوراڈو کے علاقے پگوسا اسپرنگز (Pagosa Springs) میں سیلابی ریلوں نے رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ تیز بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی پانی نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ بعض مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق سیلاب کی شدت کے باعث متعدد خاندان محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں، جبکہ کچھ افراد اپنے گھروں اور قیمتی سامان سے بھی محروم ہوگئے۔سوشل میڈیا پر سیلاب کی تباہ کاریوں کی ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں، جن میں تیز رفتار سیلابی پانی کو گھروں کو بہاتے اور عمارتوں کو نقصان پہنچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیوز میں سیلابی ریلوں کی شدت اور متاثرہ علاقوں میں ہونے والی تباہی کے مناظر بھی سامنے آئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دریائے سان جوآن (San Juan River) میں آنے والے سیلابی ریلے کئی گھروں کو بہا لے گئے۔ حکام کے ابتدائی اندازوں کے مطابق سیلاب کے باعث 10 سے 15 مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران تقریباً 50 افراد اور 100 کے قریب جانوروں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔