پنجاب میں کمرشلائزیشن فیس 10 فیصد کرنے کی تجویز مسترد، شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا

پنجاب میں کمرشلائزیشن فیس 10 فیصد کرنے کی تجویز مسترد، شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا

پنجاب کابینہ نے کمرشل پراپرٹیز کی کمرشلائزیشن فیس ڈی سی ریٹ کے 20 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرنے کی تجویز متفقہ طور پر مؤخر کردی ہے، جس کے باعث فیسوں میں کمی کے منتظر شہریوں کو فی الحال ریلیف نہیں مل سکے گا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت کسی پراپرٹی کو کمرشل ڈکلیئر کروانے کے لیے ڈی سی ریٹ کے 20 فیصد کے برابر فیس وصول کی جاتی ہے۔ مجوزہ کمی کی اطلاعات کے بعد متعدد شہریوں نے فیس کم ہونے کی امید پر اپنے کمرشلائزیشن کیسز کے چالان جمع نہیں کروائے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں یہ تجویز پیش کیے جانے کے باوجود اس کی منظوری نہیں دی گئی۔ فیس میں مجوزہ کمی مؤخر کرنے کی وجہ سرکاری خزانے کو ممکنہ طور پر ہونے والا مالی نقصان بتایا گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اگر کمرشلائزیشن فیس 20 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کردی گئی تو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو سالانہ بنیادوں پر کمرشل فیس کی مد میں بھاری مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مجوزہ فیصلے کے مؤخر ہونے سے ان شہریوں کو انتظار کرنا پڑے گا جو اپنی رہائشی جائیدادوں کو کمرشل استعمال میں لانے کے لیے فیس میں کمی کے منتظر تھے۔ جن شہریوں نے فیس میں ممکنہ کمی کے پیش نظر چالان جمع نہیں کروائے، انہیں بھی فی الحال موجودہ شرح کے مطابق ہی کمرشلائزیشن کے عمل کا سامنا کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے رہائشی جائیدادوں کو کمرشل میں تبدیل کرنے کی فیس 20 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔  تاہم کابینہ کی جانب سے اس تجویز کو مؤخر کیے جانے کے بعد فیس میں کمی کا فیصلہ فی الحال نافذ نہیں ہوسکا۔