ڈرامہ نویس اور ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر کو نامعلوم شخص نے نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے کا تاوان طلب کر لیا ہے۔
لاہور پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تیزی سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔خلیل الرحمٰن قمر کے مطابق، وہ اپنے گھر پر موجود تھے جب ایک نامعلوم کالر نے انہیں فون کیا اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ اس کالر نے پیغامات کے ذریعے اور بار بار کالز کرکے انہیں ایک ڈیڑھ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر رقم فراہم نہ کی گئی تو ان کی نازیبا ویڈیوز وائرل کر دی جائیں گی۔
ڈرامہ نویس کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل بھتہ خوری کی کالز اور میسجز موصول ہو رہے ہیں جن میں تاوان نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔دوسری جانب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، محمد فیصل کامران نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔