ہائیکورٹ نے لاہور کی فضا صاف رکھنے کیلئے سخت اقدامات کی تجویزدیدی

جسٹس شاہد کریم  کا واسا اور ایل ڈی اے کے ذمہ دار افسروں کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران لاہور شہر کی فضا صاف رکھنے کے لیے سخت اقدامات کی تجویز سامنے آئی۔جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور عدالتی حکم پر عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے شہر میں اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ فضا کی بہتری کے لیے فوری اور سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک تجویز ہے کہ ایک ماہ کے لیے اتوار کو تمام کمرشل سرگرمیاں بند کر دی جائیں۔ یہ میرا ذاتی خیال ہے، ہمیں ایک دو ماہ یا چار ہفتے ایسا کرنا پڑے گا۔عدالت نے مزید کہا کہ شادی ہالز پر بھی کڑی نظر رکھی جائے اور تمام شادی ہال رات 10 بجے بند ہونے چاہئیں۔ شادیوں پر ون ڈش کی خلاف ورزی بھی ہو رہی ہے، اگرچہ اس کا ماحولیات سے تعلق نہیں مگر قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے۔