باہمی امور بالخصوص کھیلوں کے فروغ بارے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا
لاہور(خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر برائے کھیل اور امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نیدرلینڈ کے پاکستان میں سفیر ہینی ڈی فریز سے لاہور میں منعقدہ کنگز ڈے کی تقریب میں شرکت کے موقع پر ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد کھیلوں کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔ وزیر کھیل نے پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے محکمہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے نیدرلینڈز کے ساتھ ہاکی کے شعبے میں خصوصی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی تربیت، کوچنگ اور سپورٹس سائنس جیسے شعبوں میں تکنیکی اشتراک اور تبادلہ پروگرامز کے امکانات پر زور دیا۔ اس موقع پر معروف ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورس جان بوویلینڈر اور پاکستان کے اولمپین توقیر ڈار نے بھی ہاکی کے فروغ، کھلاڑیوں کی رہنمائی اور نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کے حوالے سے اپنے تجربے کی بنیاد پر مختلف تجاویز پیش کیں۔ نیدرلینڈز کے سفیر نے تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کھیلوں کی بنیاد پر شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا جو آئندہ کے لائحہ عمل اور عملی اقدامات کی منصوبہ بندی کرے گا۔