تین تھانیداروں سمیت چار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

لاہور(کرائم رپورٹر) گجرپورہ کے علاقیمیں شہریوں سے رشوت اور سامان لینے کے الزام میں پولیس کے تین تھانیداروں سمیت چار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق تھانہ گجرپورہ میں تعینات اے ایس آئی امجد، مرتضیٰ، نصیر احمد اور کانسٹیبل عرفان نے عثمان، سفیان اور سبحان کو گڈیاں لے کر جاتے ہوئے روکاپولیس اہلکاروں نے بارکوڈ کا بہانہ بنا کر شہریوں سے پیسوں کا مطالبہ کیا۔ ایف آئی آر میں درج ہے کہ اہلکاروں نے متاثرہ شہریوں سے 56 ہزار روپے نقدی اور 100، 100 گڈے لے کر انہیں چھوڑ دیاواقعے کی موبائل فون پر ہونے والی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران نے معاملے کا نوٹس لیا۔ جس پر ڈی ایس پی گجرپورہ نعیم انور کی مدعیت میں چاروں اہلکاروں کے خلاف دفعہ 155/C سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قصوروار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔