چیمپئنز ٹرافی :گلبرگ کے پلازے بادامی رنگ میں تبدیل

بند اور غیر فعال پلازوں پر شیٹس لگا دی گئیں،سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے 
لاہور ( کرائم رپورٹر) قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ چیمپئنز ٹر افی میچز کے حوالے سے گلبرگ مین بلیوارڈ کے پلازوں کو بادامی رنگ میں تبدیل کیا جارہا ہے،بند اور غیر فعال پلازوں پر شیٹس لگا دی گئیں،غیر فعال پلازوں پر سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔ تفصیل کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم کو دلکش انداز میں سجا دیا گیا تو وہیں اس کے گردو نواح میں واقع گلبرگ کی خوبصورتی بڑھانے اور سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی اقدامات کر دئیے گئے۔ایل ڈی اے نے گلبرگ پلازوں کو ایک ہی رنگ میں تبدیل کرنے پر کام شروع کر دیا۔گلبرگ مین بلیوارڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر واقع پلازوں پر بادامی رنگ کر ایا جارہا ہے۔گلبرگ میں زیر تعمیر پلازوں کو سبز رنگ کی چادر سے ڈھانپ دیا گیا،50 سے زائد پلازوں کے رنگ کو تبدیل کیا گیا۔ پیس اور رابی سنٹر غیر فعال ہونے پر انہیں شیٹ لگا کر بند کر دیا گیا۔