30 ارب کا رمضان پیکیج تیار

 ہر گھر کو 10ہزار کا پے آرڈر محکمہ ڈاک کے ذریعے ملے گا ، 36ماڈل بازاروں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ 
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے 30لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے رمضان پیکیج کی مد میں 30ارب روپے جاری کر دئیے ،پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ کی سمری محکمہ خزانہ نے منظور کر لی ،ہر گھر کو 10 ہزار روپے ملیں گے۔ تفصیل کے مطابق رمضان المبارک میں رمضان بازار لگیں گے اور نہ ہی آٹا ،دال ،چینی ،گھی کا پیکیج قطار میں کھڑا کر کے دیا جائے گا۔مستحق لوگوں کو عزت کے ساتھ گھر کے دروازے پر 10 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ پنجاب نیرمضان پیکیج کا اعلان کر دیا۔دستاویزات کے مطابق بینک آف پنجاب ہر خاندان کو پے آرڈر پاکستان پوسٹ کے ذریعے گھر گھر تقسیم کرے گا۔پے آرڈر کو بینک اکا ئونٹ میں جمع کر ا کر پیسے وصول کئے جا سکیں گے۔اکا ئونٹ نہ ہونے کی صورت میں بینک کے سپر ایجنٹ کے پاس جانا ہو گا ،پے آرڈر کا کیش وصول کرنے کے لئے شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک کر انا لازمی ہو گا۔رمضان پیکیج پے آرڈر کی مدت 15اپریل تک ہے۔رمضان کیش پیکیج فراہمی پر بینک کو 51کروڑ 9 لاکھ روپے سروس چارجز کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔پاکستان پوسٹ کو سروسز چارجز کی مدمیں 82کروڑ روپے ادا کئے جائیں گے۔