مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد ، آج شاہراہ دستور پر ایک بڑی واک منعقد کی جائے گی
کشمیری عوام کے ساتھاظہا ریکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی،لیگی رہنما کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ( ن) کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنے تک پاکستان نامکمل ہے،مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے،آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی دارالحکومتوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، تحریک آزادی کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے،کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جد وجہد کر رہے ہیں، بھارتی مظالم کیخلاف بھر پور آواز بلند کریں گے، کشمیری عوام کو استصواب رائے کا بنیادی حق دیا جائے، یہ دن پاکستان کی جانب سے سفارتی محاذ پر کشمیریوں کی حمایت کا اظہار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے، کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنے تک پاکستان نامکمل ہے، مقبوضہ کشمیر میں زیادتیوں پر ہم بین الاقوامی برادری کی آواز کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا یوم یکجہتی کشمیر کو روایتی انداز سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس بار شاہراہ دستور پر ایک بڑی واک منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 5فروری کو پاکستان اور آزاد کشمیر میں سیمینار منعقد کیے جائیں گے اور دفتر خارجہ نے بھارتی مظالم پر فارن مشنز کو سیمینارز کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر پر صوبائی دارالحکومتوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔