دوستی کے حوالے سے پاکستان کا موقف غیرمتزلزل ہے ،یہ موقف تاریخ میں گہری جڑیں رکھتا ہے اور صحیح معنوں میں دونوں ممالک کی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے
اسلام آ باد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے چا ئنا میڈیا گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاک۔چین دوستی کے حوالے سے پاکستان کا موقف غیرمتزلزل ہے ،یہ موقف تاریخ میں گہری جڑیں رکھتا ہے اور صحیح معنوں میں دونوں ممالک کی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت ہمیشہ غیر مشروط رہی ہے ، نہ ہی اس میں کبھی کوئی سیاسی عمل کارفرما رہا ہے۔پاکستان نے بھی اس دوستی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ ثابت قدم رہا ہے‘ پاکستان سی پیک سے انتہائی وسیع پیمانے پر مستفید ہو رہا ہے ، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فریم ورک کے تحت ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان نے سنگ میل نوعیت کی ترقی حاصل کی ہے، توانائی کی قلت کے مسئلے میں کمی آئی ہے ، انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں