پہلا اعلیٰ سطح کا سرکاری دورہ ہوگا ‘ دورہ پاکستان کے لئے بڑا سفارتی دھچکا ثابت ہو سکتا ہے:ماہرین
نئی دہلی (آن لائن) طالبان حکومت کے وزیر خارجہامیر خان متقی 9 اکتوبر کو بھارت کے دورے پر پہنچیں گے، جو کابل پر طالبان کے 2021 میں کنٹرول کے بعد نئی دہلی کا پہلا اعلیٰ سطح کا سرکاری دورہ ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امیر خان متقی کو بین الاقوامی سفری پابندیوں سیعارضی استثنیٰ دیا ہے، جس کے تحت وہ 9 سے 16 اکتوبر تک بھارت میں قیام کر سکیں گے۔ماہرین کا کہنا ہے امیر خان متقی کا یہ دورہ نہ صرف طالبان کی خارجہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے بلکہ یہ پاکستان کے لیے بھی سفارتی چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، جو طویل عرصے سے افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔