پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے گیانا میں منعقدہ آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ویٹرنز کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاکستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا اور ملک کا نام روشن کیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیانا کے میدان میں ورلڈ کپ جیتنا پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ قومی کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس عالمی مقابلے میں 15 مختلف ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی محنت، جذبے اور شاندار کارکردگی سے ٹورنامنٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا اور بالآخر ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کے نام کر دی۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان میں ویٹرنز کرکٹ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ کو ترقی دینے اور قومی ٹیم کو اس مقام تک پہنچانے میں فواد اعجاز خان اور پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ویٹرنز کرکٹ کے کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ کھیل سے محبت، جذبہ اور محنت عمر کی حدود سے بالاتر ہے۔ قومی ٹیم کی یہ کامیابی پاکستان میں ویٹرنز کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔