فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی سے قبل اپنی بیٹنگ تکنیک میں موجود خامیوں کو دور کریں‘وہ اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں
لاہور (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر محمد یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی سے قبل اپنی بیٹنگ تکنیک میں موجود خامیوں کو دور کریں اور انگلینڈ یا آسٹریلیا میں کسی خصوصی کرکٹ اکیڈمی سے تربیت حاصل کریں۔محمد یوسف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ بابر اعظم کو تکنیکی مسائل حل کیے بغیر فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل ناکامی ان کے اعتماد اور کیریئر کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہے۔انہوں نے بابر اعظم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور درست رہنمائی اور معمولی محنت کے ساتھ اپنی سابقہ فارم بحال کر سکتے ہیں