بھارتی سرجن ڈاکٹر مہندر ریڈی نے اپنی بیوی، ڈاکٹر کرُتیکا ریڈی کو شادی کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد قتل کیا، تاکہ وہ اپنی محبوبہ کے ساتھ رہ سکے۔
واقعہ 21 اپریل کو پیش آیا جب ڈاکٹر مہندر ریڈی نے مبینہ طور پر بیوی کو بیہوش کرنے والی دوا، پروپوفول، کی زیادہ مقدار دی۔ اس کے بعد اسے اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔تحقیقات کے مطابق، مقتولہ کے جسم میں طاقتور ممنوعہ دوا کے آثار پائے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی طبی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے بیوی کو قتل کرنے کے بعد، ایک ڈیجیٹل پیمنٹ ایپ کے ذریعے اپنی محبوبہ کو اطلاع بھیجی کہ اس نے بیوی کو مار دیا ہے۔ یہ پیغام ملزم کے موبائل فون کی فارنزک جانچ کے دوران ملا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ کو قتل کرنے کے لیے انجکشن کے ذریعے غیر قانونی دوا دی اور اس عمل کو فطری موت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ اس واقعہ میں، پولیس نے گھر سے طبی سامان، کینولا سیٹ اور انجکشن ٹیوب بھی برآمد کیا۔پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم اپنی طبی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے قتل کو چھپانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کیس میں، ملزم کو 15 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا، اور اب تفتیش جاری ہے۔