افغانستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق‘سینکڑوں زخمی

لوگ آدھی رات میں گھروں سے نکل کر کھلے مقامات کی طرف دوڑنے لگے ‘  جھٹکے ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کئے گئے 
مزار شریف(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے ہندوکش خطے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق اور 320 زخمی ہو چکے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے شہر مزار شریف سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے،  مزار شریف میں زلزلے کے وقت شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، لوگ آدھی رات میں گھروں سے نکل کر کھلے مقامات کی طرف دوڑنے لگے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان کے مکانات گر سکتے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 اور گہرائی 28 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خلم سے تقریباً 22 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے ہیں