بدین کے مختلف شہروں میں شاندار استقبال، پھول نچھاور، اجرکیں اور لونگیاں پیش کی گئیں
بدین(یواین پی)ضلع بدین کے قصبہ شادی لارج سے تعلق رکھنے والے محنت کش ہندو ریباری خاندان کے نوجوان جیون ریباری نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے اے ایس پی کا اعزاز حاصل کر لیا، جس پر علاقے بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔جیون ریباری کی بدین آمد پر ماتلی، تلہار، نندو، کھوسکی اور شادی لارج سمیت مختلف شہروں میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ شہریوں، برادری کے افراد، اساتذہ، سماجی و سیاسی شخصیات اور صحافیوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور جلوس کی صورت میں شہر میں لایا گیا۔ مختلف مقامات پر انہیں اجرکیں اور لونگیاں پہنائی گئیں۔واضح رہے کہ جیون ریباری ایک محنت کش خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد لالو ریباری آٹے کی چکی چلا کر گھر کا خرچ پورا کرتے رہے۔ والدین کی محنت اور دعاں کے نتیجے میں جیون ریباری نے لا کالج حیدرآباد سے وکالت کی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں سی ایس ایس کا مشکل امتحان کامیابی سے پاس کیا۔