دہی ایک قدرتی اور غذائیت سے بھرپور غذا ہے جو صدیوں سے ہماری خوراک کا حصہ رہی ہے۔
روزمرہ کی خوراک میں دہی کو شامل کرنے سے صحت پر متعدد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
1. ہڈیوں اور دانتوں کے لیے فائدہ مند
ایک کپ دہی جسم کو روزانہ درکار کیلشیئم کی تقریباً 50 فیصد مقدار فراہم کرتا ہے، جو ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔دہی میں موجود فاسفورس بھی ہڈیوں اور دانتوں کی صحت میں مددگار ہے، ایک کپ دہی روزانہ کی ضرورت کا تقریباً 28 فیصد فاسفورس فراہم کرتا ہے۔
2. وٹامنز سے بھرپور
دہی میں بی وٹامنز خاص طور پر وٹامن بی 12 اور وٹامن بی 2 کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔فورٹیفائیڈ دہی میں وٹامن ڈی شامل ہوتا ہے، جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور ہڈیوں کی صحت میں مدد دیتا ہے۔
3. پروٹین سے بھرپور
دہی میں پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، جو میٹابولزم کی رفتار بڑھانے اور کیلوریز کو جلانے میں مددگار ہے۔پروٹین بھوک کو کنٹرول میں رکھتا ہے اور ایسے ہارمونز بنانے میں مدد دیتا ہے جو پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رکھتے ہیں۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ دہی کھانے کے عادی افراد کو دن بھر بے وقت بھوک کم لگتی ہے، جس سے وزن کنٹرول میں مدد ملتی ہے۔
4. مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے
دہی میں موجود پروبائیوٹکس (بیکٹریا) جسمانی ورم کو کم کرتے ہیں، جس سے متعدد امراض کا خطرہ گھٹتا ہے۔روزانہ دہی کھانے سے موسمی بیماریوں سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
5. دل کی صحت بہتر کرتا ہے
تحقیق کے مطابق دہی یا دودھ میں موجود چکنائی سے صحت مند کولیسٹرول کی سطح بڑھتی ہے، جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔دہی میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، اور ہائی بلڈ پریشر سے وابستہ دل کی بیماریوں کے خطرات گھٹتے ہیں۔
6. جسمانی وزن کنٹرول کرنا ممکن
متعدد تحقیقی رپورٹس کے مطابق دہی کھانے کی عادت جسمانی وزن میں کمی اور چربی میں کمی سے منسلک ہے۔دہی کھانے والے افراد زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس رکھتے ہیں، جس سے غیر ضروری کھانے سے بچا جا سکتا ہے۔