سرکاری سکولوں کیلئے بجٹ سازی میں اہم تبدیلی کا فیصلہ

بجلی بلوں ودیگر یوٹیلٹی اخراجات کو نان سیلری بجٹ کا حصہ بنانے کی تیاری 
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں کے لیے بجٹ سازی کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی بار بجلی کے بلوں اور دیگر یوٹیلٹی اخراجات کو نان سیلری بجٹ کا حصہ بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبے بھر کے تمام سرکاری سکولوں سے گزشتہ 12 ماہ کے بجلی کے بلوں اور یوٹیلٹی اخراجات کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔تمام سرکاری سکول مئی 2026 کے بجلی کے بل کے ساتھ گزشتہ ایک سال کے یوٹیلٹی اخراجات کی تفصیلات بھی جمع کرائیں گے۔ حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر ہر سکول کے نان سیلری بجٹ کا تخمینہ لگایا جائے گا۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ یوٹیلٹی اخراجات کو نان سیلری بجٹ فارمولے کا باقاعدہ حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے، بڑے اور زیادہ طلبہ والے سکولوں کو ان کی ضروریات کے مطابق اضافی مالی وسائل فراہم کیے جا سکیں گے۔اس سلسلے میں صوبے بھر کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ تمام سکولوں کا مکمل، درست اور تصدیق شدہ یوٹیلٹی ڈیٹا 10 جولائی 2026 تک محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھجوائیں۔