پنجاب کے تمام دریا ئوں ،ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک جائیگی ،سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا
لاہور ( کرائم رپورٹر)چھ سے 10 جولائی تک ملک بھر میں تیزبارشوں ، آندھی اور طوفان کی پیش گوئی کے باعث متعدد مقامات پر سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کے مطابق 7 جولائی سے پنجاب کے تمام بڑے دریا ئوں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویڑن میں رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ مری اور گلیات کے ولنریبل علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کا بھی اظہار کیا گیا ہے جس کے باعث صوبائی کنٹرول روم کے ساتھ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے 1122 سمیت تمام ریسکیو اداروں کو مشینری اور عملے سمیت تیار رہنے کا حکم دیتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔ ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے مطابق 6سے 10جولائی تک لاہور ،قصور ،اوکاڑہ ،اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، گوجرانوالہ، گجرات،ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یارخان ، ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش متوقع ہے،دیگرصوبوں میں بھی یہی صورتحال ہوگی۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہا ئو میں اضافے سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔تربیلا ڈیم میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے،گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔