پنجاب میں 2لاکھ سے زائدغیر رجسٹرڈ پراپرٹیز کاانکشاف

بڑی تعداد میں پراپرٹیز کا ٹیکس نیٹ سے باہر ہونے سے کروڑوں کانقصان
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس نظام کی ناکامی کا بڑا انکشاف سامنے آ گیا ہے۔ صوبے بھر میں دو لاکھ سے زائد انسسڈ پراپرٹیز منظرِ عام پر آ گئیں، مگر حیران کن طور پر کسی ذمہ دار افسر کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق کئی برسوں سے بڑی تعداد میں پراپرٹیز کو ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں کیا گیا، جس کے باعث محکمہ ایکسائز کو کروڑوں روپے کا سالانہ نقصان ہوتا رہا۔اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ صرف لاہور میں اسی ہزار سے زائد پراپرٹیز غیر رجسٹرڈ پائی گئیں، جبکہ لاہور کے ایک ہی سرکل سے تیرہ ہزار انسسڈ پراپرٹیز کی نشاندہی کی گئی۔حیران کن طور پر یہ تمام انسسڈ پراپرٹیز چھ ماہ کے اندر اندر سامنے آ گئیں، مگر اس کے باوجود کسی افسر یا ملازم کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کے ممکنہ ریونیو کے باوجود ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہونا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ماہرین کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں انسسڈ پراپرٹیز کا برسوں تک سسٹم سے باہر رہنا بغیر کسی سرپرستی کے ممکن نہیں۔