ہر رات شہریوں پر بھاری گزرنے لگی‘لوڈشیڈنگ نے نیند چھین لی

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ جاری،کوئی فریاد سننے والا نہیں
لاہور(آئی این پی )لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری  شدید پریشان  ہیں ۔ذرائع کے مطابق لیسکو ریجن میں شام ہوتے ہی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، ایک جانب بجلی کی بندش تو دوسری جانب تکنیکی خرابیوں کی بھرمار نے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا  ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جبکہ بجلی کی پیداوار میں کمی اور لیسکو کا خستہ حال ڈسٹری بیوشن سسٹم لوڈشیڈنگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث شہریوں کی نیندیں متاثر ہوئیں، شہر کے مختلف علاقوں میں 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے جبری لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ دیہی اور سرحدی علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں