پارلیمنٹ کا جو حال ہے بہتر ہے اس میں نہ بیٹھاجائے:شاہد خاقان

اسلام آباد (آئی این پی )عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ   محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی بطور اپوزیشن لیڈرز نامزدگی عمران خان کا درست فیصلہ ہے۔ ایک انٹرویو یمں  انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شاید جیل سے یہ پہلا درست فیصلہ کیا ہے کیوں کہ محمود خان اچکزئی نے بھرپور سیاست کی ہے جس سے آپ اختلاف بھی کرسکتے ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ اصول اور آئین کی بات کی، میں ان سے سو اختلاف کرسکتا ہوں لیکن 35 سال سے میں دیکھ رہا ہوں کہ محمود خان اچکزئی صرف آئین کی بات کرتے ہیں۔ایک سوال پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ میں عام طور پر اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی حمایت نہیں کرتا کیوں کہ میں اس بات کا حامی رہا ہوں کہ منتخب آدمی کیلئے پارلیمان کو چھوڑنا مناسب نہیں لیکن آج مسئلہ یہ ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھے لوگ عوام کے منتخب کردہ نہیں ہیں اور جو آج پارلیمان کا حال ہے اس میں بیٹھنے سے بہتر ہے نہ بیٹھیں اور میں بہت تکلیف سے یہ گزارش کرتا ہوں کی آج کی پارلیمنٹ میں نہ بیٹھنا یہاں بیٹھنے سے بہتر ہے، اس طرح کم از کم اس ملک میں جو خرابیاں ہوں چکیں اور جو ہوں گی ان کا حصہ تو آپ نہیں بنیں گے۔