ضلع مہمند میں پولیو مہم کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
فائرنگ کے واقعے میں ایک حملہ آور کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ پنڈیالی کی حدود میں واقع علاقے تمانزئی میں پیش آیا، جہاں پولیو مہم جاری تھی۔ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی، جس سے وہاں موجود پولیس اہلکار نشانہ بن گئے۔ڈی پی او مہمند رضا محمد خان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا۔ واقعے میں ایک دہشت گرد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت ظہور اور عربی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکار صابر بتایا گیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جاسکے۔