وزیرا عظم کا آئی کیو نیوٹن کے آئی کیو کے قریب ہے، حذیفہ رحمان

وزیرا عظم کا آئی کیو نیوٹن کے آئی کیو کے قریب ہے، حذیفہ رحمان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے وزیراعظم کی ذہانت کا موازنہ معروف سائنسدان آئزک نیوٹن سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کا آئی کیو نیوٹن کے آئی کیو کے قریب ہے۔

نجی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے وزیراعظم کے کام کرنے کے انداز اور کابینہ کے ارکان سے متعلق اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک کام کرتے ہیں اور ہر ہفتے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی منعقد کرتے ہیں۔حذیفہ رحمان کے مطابق وزیراعظم بدعنوانی اور نااہلی کو کسی صورت برداشت نہیں کرتے اور نہ ہی ایسے افراد کو اپنے قریب رکھنا پسند کرتے ہیں۔ اگر کسی وزیر کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہو تو وہ وزیراعظم کے قریبی حلقے میں رہنے کی توقع نہیں کرسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی توقعات اور قابلیت کے معیار پر پورا اترنا آسان نہیں۔ ان کے بقول اگر وزیراعظم کے اختیار میں ہو تو کابینہ کے 55 وزیروں میں سے 52 یا 53 کو فارغ کردیا جائے اور صرف دو یا تین وزرا ہی باقی رہیں۔پروگرام کے دوران حذیفہ رحمان نے دلچسپ انداز میں کہا کہ وہ اکثر وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ ان کا آئی کیو آئزک نیوٹن کے قریب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارغ ہونے سے بچ جانے والوں میں ان کا نام بھی شامل ہوگا کیونکہ ان کا اپنا آئی کیو بھی وزیراعظم کے قریب قریب ہے۔