منشیات، غیر قانونی اسلحہ، پتنگ بازی اور ڈکیتی سمیت مختلف جرائم کے خلاف کارروائیاں ،5 گینگ بھی قابو آگئے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کے آپریشنز ونگ نے شہر بھر میں مختلف جرائم کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 242 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق شہریوں سے لوٹا گیا مال بر آمد کرنے کے لیے پانچ گینگز کے 10 ارکان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے آٹھ لاکھ روپے مالیت کا سامان بر آمد ہوا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے پر 13 ملزمان کو گرفتار کرکے 13 پستول اور درجنوں گولیاں بر آمد کی گئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 23 ملزمان گرفتار ہوئے، جن سے 11 کلو 922 گرام چرس، تین کلو 560 گرام آئس اور 38 لیٹر شراب بر آمد ہوئی۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 54 مقدمات درج کرکے 55 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہراسمنٹ میں ملوث نو ملزمان بھی حراست میں لیے گئے۔ اس کے علاوہ 116 اشتہاری مجرمان اور مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔