لاہور (کرائم رپورٹر) موبائلز اسکواڈ نے ماہ اکتوبر کے دوران شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 474 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی موبائلز بلال احمد کے مطابق گرفتار ملزمان میں 122 اشتہاری مجرمان، 43 عدالتی مفرور، 24 عادی مجرمان اور 21 ریکارڈ یافتگان شامل ہیں، جبکہ مشکوک حرکات اور شناخت چھپانے پر 260 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران تین پستول، گولیاں اور میگزین بھی بر آمد کیے گئے۔ ای پولیس سافٹ ویئر کے ذریعے 2 لاکھ 4 ہزار 840 سے زائد افراد جبکہ 19 ہزار 563 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران 550 گرام چرس بھی بر آمد کی گئی۔ بلال احمد کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ای پولیس پوسٹوں کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی نگرانی جاری ہے۔