40منٹ کی ملاقات میں چیئرمین اور بشری بی بی نے صحت اور جیل حالات سے آگاہ کیا، نئی قانونی ہدایات بھی دیں
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرادی گئی۔ اپنے بیان میں سلمان صفدر نے بتایا کہ سہ پہر ساڑھے چار بجے جیل حکام نے دونوں سے 40 منٹ کی ملاقات کرائی۔ ان کے مطابق بار بار درخواستوں اور گزارشات کے بعد بشریٰ بی بی سے 11 ماہ جبکہ عمران خان سے سات ماہ بعد ملاقات ہوئی۔ بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ملاقات کا دورانیہ تمام مقدمات اور قانونی امور پر بات چیت کے لیے ناکافی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی صحت اور جیل میں رہنے کے حالات سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں نے بعض قانونی امور اور مقدمات سے متعلق نئی ہدایات بھی دیں۔