بیوی پر تیزاب پھینکنے والا شوہر بیٹی سمیت گرفتار

بیوی پر تیزاب پھینکنے والا شوہر بیٹی سمیت گرفتار

لاہور کے علاقے کاہنہ میں خاتون اور اس کے کمسن بیٹے پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے مرکزی ملزم شوہر کو اس کی بیٹی سمیت فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت انصاف علی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم انصاف علی اور اس کی بیٹی نے مبینہ طور پر خاتون پر تیزاب پھینکا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔واقعہ روہی نالہ کے قریب پیش آیا، جہاں متاثرہ خاتون فیکٹری سے چھٹی کے بعد اپنے بیٹے کے ہمراہ گھر جا رہی تھی کہ انہیں تیزاب گردی کا نشانہ بنایا گیا۔تیزاب حملے کے نتیجے میں خاتون کی گردن، کمر اور دونوں ٹانگیں متاثر ہوئیں، جبکہ اس کے بیٹے کا دایاں بازو بھی جھلس گیا۔ واقعے کے بعد دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ نمبر 9358/26 درج کیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔ پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم انصاف علی اور اس کی بیٹی کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔