بڑھتے عالمی درجہ حرارت کی قیمت غریب ممالک ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹرمصدق ملک

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اس سال غریب ممالک کو ملنے والے فنڈز میں 23 فیصد کمی ہوئی۔ دنیا کے حوالے سے گلوبل ویلج کا تصور اب تبدیل ہوگیا ہے۔اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ امیرممالک کے لیے شرح سود 2.3 فیصد جبکہ غریب ممالک کیلیے 5 فیصد ہے۔ تیزی سے بڑھتے عالمی درجہ حرارت کی قیمت غریب ممالک ادا کررہے ہیں۔وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ جنگ کہیں اور ہوتی ہے، تیل کی قیمتوں کے اثرات کوئی اور بھگت رہاہوتا ہے۔ کہا ان ماحولیاتی اثرات کے سامنے ایک پاکستانی برج بنائیں گے۔ ایسی ریزیلنیس درکار ہے کوئی شخص دربارہ سیلاب کے سامنے نہ آئے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑھتے ٹیمپریچر کی قیمت بھی غریب ادا کر رہے ہیں، ہم ڈان اسٹریم ہیں کم ترقی یافتہ ہیں، کیا ڈھلان پر رہنے والے لوگوں کے حقوق نہیں، ان کے حقوق نہیں توپھردنیا میں جس کی لاٹھی اس کا نظام چل رہا ہے۔