کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق ،عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، افتخار گیلانی
اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، کشمیری اپنے بنیادی حق اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات اور مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی جدوجہد پر حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق دیا جانا چاہیے۔افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پوری دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر کیوں آنکھیں بند کیے ہوئے ہے؟وزیراعظم آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملنے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور قومی و عالمی سطح پر مسئلے کو اجاگر کرنے کی حکمت عملی سے حریت قیادت کو آگاہ کیا ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے واضح پیغام دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت مقبوضہ کشمیر میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھائے گی۔ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرکے پیش رفت کی جائے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ فورم بھی تشکیل دیا جائے گا تاکہ مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو مربوط بنایا جا سکے۔