شیرنی بازیاب، 3مقدمات، دو افراد کو جرمانے

لاہور ( خصوصی رپورٹ)سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت اور نیٹنگ کی روک تھام کیلئے وائلڈ لائف رینجرز نے شیرنی بازیاب کرنے سمیت ائیرگن اور جالوں کے ذریعے پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں کیں۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ریجن کی سربراہی میں شکایت پر شہری علاقے سے جواں سال شیرنی بازیاب کر لی گئی۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے شیرنی کو بحفاظت وہاڑی چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا۔ وائلڈ لائف رینجر جہلم نے بدیسی پرندوں کی غیر قانونی تجارت پرایک شخص کو گرفتار کر کے 50 ہزار جرمانہ ، چنیوٹ میں ائیرگن سے پرندوں کا شکار کرنے اور سانڈھوں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے 30 ہزار جرمانہ کیا گیا۔خانیوال میں ائیرگن سے شکار پر شکاری کو گرفتار، میانوالی میں چشمہ کے مقام پر غیر قانونی شکاریوں کے لگائے جال اور آلات قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرادیا گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران5 ملزموں کے چالان، 3 مقدمات درج کیے گئے جبکہ دو کیسز میں بھاری جرمانے کیے گئے۔