چین نے بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دو سابق اعلیٰ سرکاری افسران کو کمیونسٹ پارٹی سے خارج کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس اقدام کا مقصد ملک میں بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنا ہے۔مرکزی کمیشن برائے انسدادِ بدعنوانی کے مطابق، کارروائی کا نشانہ بننے والوں میں وانگ جیان جون، جو چائنا سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن کے سابق نائب چیئرمین تھے، اور شو شیان پِنگ، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے سابق نائب ڈائریکٹر شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں عہدیداران نے مبینہ طور پر رشوت لی اور اپنے عہدوں کا ذاتی مفاد کے لیے ناجائز استعمال کیا۔ کمیشن نے ان کے کیسز کو “سنگین نوعیت کے” اور “منفی اثرات کے حامل” قرار دیا ہے۔دونوں افسران کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد، ان کے کیسز کو متعلقہ عدالتی اداروں کے سپرد کیا جائے گا تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ یہ کارروائیاں ملک میں بدعنوانی کے خلاف جاری سخت مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد سرکاری افسران کی شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا ہے۔