پنجاب بھر میں دفعہ 144 میں 7 روز کی توسیع

جلسے جلوس، ریلیاں اور چار سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی برقرار
اسلحے کی نمائش، لائوڈ اسپیکر اور نفرت انگیز مواد کی اشاعت پر بھی پابندی ہوگی
لاہور (زیڈ این این) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور چار یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش اور لائوڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔تاہم یہ پابندی شادی، جنازے اور تدفین کی تقریبات پر لاگو نہیں ہوگی۔ فرائض کی انجام دہی پر مامور افسران و اہلکار اور عدالتیں اس حکم سے مستثنیٰ ہوں گی۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ لائوڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق عوامی جلوس اور دھرنے دہشت گردوں کے لیے ممکنہ سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اسی لیے ان پر پابندی ضروری ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع 8 نومبر تک برقرار رہے گی، اور اس حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی۔