اسلام آباد: سینیٹ کی موجودہ پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (PPP-P) 23 سینیٹرز کے ساتھ ایوانِ بالا کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 19 سینیٹرز کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (PTI) 16 سینیٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی مجموعی نشستوں کی تعداد 24 تھی، تاہم سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد اس وقت پارٹی کے 23 سینیٹرز فعال حیثیت میں موجود ہیں۔اسی طرح تحریک انصاف کے پاس سینیٹ میں 17 نشستیں تھیں لیکن سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے کے باعث ایک نشست خالی ہو گئی، جس کے بعد پارٹی کے سینیٹرز کی تعداد کم ہو کر 16 رہ گئی ہے۔سینیٹ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے 5، بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 اور عوامی نیشنل پارٹی کے 3 سینیٹرز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ (MQM) کے بھی 3 سینیٹرز ہیں جبکہ مجلس وحدت المسلمین، نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ق)، اور سنی اتحاد کونسل کا ایک ایک سینیٹر سینیٹ کا حصہ ہے۔ سینیٹ میں اس وقت 6 آزاد ارکان بھی موجود ہیں۔
سینیٹ میں اس وقت مجموعی طور پر 13 نشستیں خالی ہیں جن میں خیبر پختونخوا سے 11، ایک پیپلز پارٹی (تاج حیدر کی وفات کے سبب)، اور ایک تحریک انصاف (ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کی وجہ سے) شامل ہیں۔خیبر پختونخوا کی 11 نشستوں پر تاحال انتخابات نہیں ہو سکے، جس کے باعث سینیٹ کی تشکیل مکمل نہیں ہو سکی۔