پاکستان میں گرم ترین مہینہ، 65 سالہ موسمیاتی ریکارڈ کے قریب

پاکستان میں گرم ترین مہینہ، 65 سالہ موسمیاتی ریکارڈ کے قریب

اسلام آباد:پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے اثرات تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں رواں سال اپریل کا مہینہ ملکی تاریخ کے گرم ترین مہینوں میں شمار کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل 2025ء ملک کے 65 سالہ موسمیاتی ریکارڈ میں دوسرا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 3.37 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ ماہ (اپریل) میں دن کے وقت گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا، اور اوسط درجہ حرارت معمول سے 4.66 ڈگری زائد رہا۔ راتوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو ملا، جو معمول سے 2.57 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوا۔پاکستان کا سب سے گرم دن 17 اپریل کو شہید بےنظیر آباد (سابقہ نوابشاہ) میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق یہ گرمی صرف درجہ حرارت تک محدود نہیں رہی، بلکہ بارشوں کی کمی بھی محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اپریل کے دوران ملک میں بارشوں کی شرح معمول سے 59 فیصد کم رہی، جس کی وجہ سے خشکی اور موسمی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ماحولیاتی ماہرین نے اس صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ مہینے مزید زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔