بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ان کی فٹنس پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جہاں بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے انہیں "موٹا" کہہ دیا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف 15 رنز پر آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد ڈاکٹر شمع محمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ روہت شرما کا وزن زیادہ ہے اور وہ اب تک ایک غیر متاثر کن کپتان ثابت ہوئے ہیں۔
بی جے پی کا ردعمل:
بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ترجمان نے کانگریس کی ترجمان کے تبصرے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ
"جو پہلے ملک کے خلاف تھے، اب کرکٹ ٹیم کے خلاف بول رہے ہیں۔"
"راہول گاندھی کی قیادت میں 90 انتخابات ہارنے والی کانگریس اب روہت شرما پر تنقید کر رہی ہے۔"
"یہ تبصرہ روہت شرما کی جسمانی ہئیت پر حملہ اور ان کی تضحیک کے مترادف ہے۔"
سوشل میڈیا پر ردعمل:
سوشل میڈیا صارفین نے بھی ڈاکٹر شمع محمد کے بیان کو نامناسب قرار دیا اور اسے کھیل اور سیاست کو غیر ضروری طور پر جوڑنے کی کوشش کہا۔
پاکستانی کرکٹرز کو بھی تنقید کا سامنا:
یاد رہے کہ پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو بھی ماضی میں فٹنس مسائل پر شدید تنقید کا سامنا رہا ہے، خاص طور پر قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے دوران ان کی فٹنس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔یہ معاملہ اب بھارتی سیاست میں ایک نیا تنازعہ بن چکا ہے، جہاں کھیل سے متعلقہ امور پر بھی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگا رہی ہیں۔