کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹوڈ گرین برگ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم آئندہ سال کے آغاز میں پاکستان کا وائٹ بال سیریز کے لیے دورہ کرے گی، جو ایک بار پھر ایک مثبت اور کامیاب دورہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے ایک آن لائن پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے شیڈول کا ایک اہم حصہ ہے۔ ٹیسٹ (ریڈ بال) اور محدود اوورز (وائٹ بال) سیریز کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ ہماری بہت اچھی بات چیت رہی ہے۔ ہمیں مستقبل میں مزید سیریز کے مواقع تلاش کرنے ہیں اور ہم اس پر کام کریں گے۔ٹوڈ گرین برگ نے 2022ء میں آسٹریلیا کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انتہائی شاندار رہا تھا، پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور استقبال مثالی تھا۔ ایسے مزید دورے دونوں ٹیموں اور شائقین کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔
پاکستان کے کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ میں لانے کی کوشش
بی بی ایل (بگ بیش لیگ) کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ ہم پاکستان کے کھلاڑیوں کو بگ بیش میں خوش آمدید کہنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے کرکٹرز کی کرکٹ کمیونٹی میں بڑی مقبولیت ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی توجہ بی بی ایل کی طرف مبذول کروائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے اہم کھلاڑی بگ بیش میں آتے ہیں تو نہ صرف وہ خود انجوائے کریں گے بلکہ یہ ان کی ٹیموں اور لیگ کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔ پاکستان کے کھلاڑیوں کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ اگلے ایڈیشن میں چند سرکردہ کھلاڑیوں کو شامل کیا جا سکے گا۔