13کروڑسے زائد کی ادویات چوری

ڈی ایچ کیوہسپتال ڈی آئی خان کی آڈٹ رپورٹ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
ڈیرہ اسماعیل خان(خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کی آڈٹ رپورٹ میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈی آئی خان کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق خاتون فارماسسٹ و سٹورانچارج نے مجموعی طور پر ساڑھے13کروڑ روپے سے زائد کی ادویات چوری کرکے فروخت کیں جبکہ خاتون فارمسسٹ  و سٹورانچارج نے مفتی محمود میموریل ہسپتال کی فراہم کردہ ادویات بھی بیچیں۔رپورٹ کے مطابق نرسز، جونیئر کلرکس، اسسٹنٹس،کمپیوٹر آپریٹرز، سٹورکیپرز اور وارڈ بوائز کی غیرمجاز خلاف ضابطہ تقرریاں کی گئیں۔ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں سرکاری خزانے کو 2 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچایا گیا۔رپورٹ کے مطابق کارپارکنگ فیس کی مد میں بے انتظامی سے سرکاری خزانے کو 36 لاکھ اور کینٹین کی مد میں بے انتظامی سے سرکاری خزانے کو 79 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچایا گیا ۔ جبکہ نجی کمپنی کو سی ٹی سکین مشین پر سبسڈی کی مد میں 83 لاکھ روپے کی غیرقانونی اور غیرمجاز ادائیگیاں کی گئیں۔ اس کے علاوہ ہسپتال ڈائریکٹر کی غفلت کے باعث سولر سسٹم کی مد میں سرکاری خزانے کو 5 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ دوسری جانب مشیرصحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے نجی ٹی وی کوبتایا کہ رپورٹ محکمہ اینٹی کرپشن اور سی ایم انسپیکشن ٹیم کو بھی بھیجی گئی ہے۔ سابق ایچ ڈی اور ایڈیشنل ایچ ڈی،ڈائریکٹر فنانس، سٹور کیپرز سمیت 33 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا۔ انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔