ملزم بھائی بہن کا رشتہ سسرال میں کرنا چاہتا تھا،انکار پر گولیاں مار دیں
کڑیانوالہ (خصوصی رپورٹ )بھائی نے اپنی پسند کی جگہ شادی نہ کرنے پر دو سگی بہنوں کو سوتے میں قتل کر دیا ،پولیس نے والد کی درخواست پر بیٹے اور اس کے سسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ نواحی گائوں جیندڑ خورد میں دو سگی بہنوں 38 سالہ ام کلثوم اور 30 سالہ ام صبا کو اپنے والد کے گھر میں رات کو سوتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔پولیس تھانہ کڑیانوالہ نے مقتول بہنوں کے والد ذوالفقار کی درخواست پر اس کے سگے بیٹے اور اس کے سسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، بتایا جاتا کہ ملزم بھائی اپنی بہن ام صبا کا رشتہ اپنے سسرالیوں میں کرنا چاہتا تھا جس کے لئے دونوں بہنیں رضا مند نہ تھیں مبینہ طور پر دونوں بہنیں طلاق یافتہ تھیں۔ پولیس تھانہ کڑیانوالہ نے تفتیش شروع کر دی۔