ریلوے کارگوسستا سمجھنے والے صارفین کانقصان، زائد وصولی پر کارروائی ہوگی:ڈی سی او
لاہور (خصوصی رپورٹ )محکمہ ریلوے میں نجی کارگو کمپنیوں کی اوور چارجنگ کی شکایات، وزیر ریلوے کے واضح احکامات کے باوجود نجی کارگو کمپنیوں کی من مانی جاری، ٹھیکیداروں کے ملازمین سامان کی بکنگ پر دوگنا وصول کرنے لگے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کارگو کو سستا سمجھ کر بکنگ کرانے والے صارفین لٹنے لگے۔مقررہ ریلوے ریٹس کی کھلم کھلا خلاف ورزی، چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔کارگو بکنگ پر اضافی رقم وصولی معمول بن گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوور چارجنگ پر کارروائی کے احکامات فائلوں تک محدودہیں۔صارفین نے وزیر ریلوے سے فوری نوٹس لیکر نجی کارگو کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے. کہ ریلوے انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے نجی ٹھیکیدار کھلے عام لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ کارگو سروسز کے نام پر عوامی اعتماد کو شدید دھچکا لگایا جارہا ہے۔ ڈی سی او ریلوے لاہور عبداللہ ارشد کا کہنا ہے کہ نجی گارگو کمپنیوں کی اوور چارجنگ کی شکایات پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ منظور شدہ کرایوں سے زائد وصولی پر کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔