تاریخی کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

تاریخی کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

عالمی مارکیٹ میں شدید فروخت کے دباؤ کے بعد آج سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں بحالی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 یہ اضافہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں قیمتیں ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئی تھیں۔رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,767.33 ڈالر فی اونس ہو گئی، جبکہ اپریل ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 3 فیصد اضافے کے ساتھ 4,791.10 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔ گزشتہ جمعرات کو سونے کی قیمت 5,594.82 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح تک پہنچی تھی، اور پیر کے روز یہ تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بحالی کی بڑی وجہ شدید مندی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے دوبارہ خریداری ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ قیمتیں زیادہ متوازن اور معقول سطح کی عکاسی کرتی ہیں، کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں میں مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔

جنوری میں سونے کی قیمت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا، جو نومبر 2009 کے بعد سب سے بڑی ماہانہ بڑھوتری تھی، جبکہ چاندی کی قیمت میں 19 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم امریکی فیڈ چیئرمین کے لیے کیون وارش کی نامزدگی، ڈالر کی مضبوطی اور سی ایم ای گروپ کی جانب سے مارجن کی شرائط سخت کیے جانے کے بعد قیمتی دھاتوں پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔سی ایم ای گروپ نے پیر کی مارکیٹ بندش کے بعد فیوچرز پر مارجن کی ضروریات میں اضافہ کیا، جس سے مارکیٹ میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہوئی۔ امریکی لیبر بیورو نے جزوی سرکاری شٹ ڈاؤن کے باعث جنوری کی ملازمتوں سے متعلق رپورٹ جمعے کو جاری نہ کرنے کا اعلان کیا۔

سرمایہ کار توقع کر رہے ہیں کہ 2026 میں فیڈرل ریزرو کم از کم دو بار شرح سود میں کمی کرے گا، اور کم شرح سود کے ماحول میں بغیر منافع دینے والا سونا عموماً بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔ادھر اسپاٹ سلور کی قیمت 2.8 فیصد اضافے کے ساتھ 81.61 ڈالر فی اونس ہو گئی، جبکہ پلاٹینم میں معمولی اضافہ اور پیلیڈیم میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔