لاہور ( آئی این پی )ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد صادق آباد میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی کارروائیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صادق آباد کے اسسٹنٹ کمشنر راشد اقبال میواتی کی نگرانی میں ایم سی کے4 ملازمین صادق آباد کی مختلف سڑکوں پر گاڑیوں، رکشائوں اور موٹر سائیکلوں کے ٹائر پنکچر کر رہے ہیں۔اور اے سی اپنی سرکاری گاڑی چھوڑ کر ایم سی ملازمین کو گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی خرم پرویز نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عرفان انور کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔اے ڈی سی جی انور نے واقعے میں ملوث ایم سی کے ایک ملازم کو معطل کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔اے ڈی سی جی نے یقین دہانی کرائی کہ انکوائری کے بعد گاڑیوں کے مالکان کو معاوضہ دیا جائے گا۔