وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور صوبوں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 تک 7984 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات پر اتفاق کیا گیا، اور پی ٹی اے کو دہشت گرد گروپوں کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مزید برآں، غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے صوبوں کو حکمت عملی مرتب کرنے کا کہا گیا۔محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم فورس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور نیکٹا میں اصلاحات کے عمل کا آغاز کرنے کی ہدایت دی۔
چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف پلان پر عملدرآمد کی ہدایت دی گئی، اور کوسٹل ایریاز میں نارکوٹکس سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوسٹل گارڈز کو سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔