مسائل پارلیمنٹ میں بیٹھ کر حل کریں‘ اس میں سب کی بہتری ہے(پشاور ہائی کورٹ)

 یہ ملک سلامت ہے تو ہم ہیں، پہلی ترجیح یہ ملک ہے:عدالت‘عمر ایوب اور فیصل امین گنڈا پور کی 21 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور

پشاور(آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ نے  پی ٹی آئی رہنمائوں عمر ایوب اور فیصل امین کی 21 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے عمر ایوب اور فیصل امین کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار اپوزیشن لیڈرو ممبران قومی اسمبلی ہیں، اسلام آباد میں مقدمات درج ہیں، راہداری ضمانت دی جائے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ ملک سلامت ہے تو ہم ہیں، پہلی ترجیح یہ ملک ہے جو مسائل ہیں ان کو پارلیمان میں بیٹھ کر حل کریں، جب کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو اس ملک کا نقصان ہوتا ہے، اگر کوئی سکیورٹی والا زخمی ہوتا ہے تو وہ بھی اس ملک کا بیٹا ہے۔جسٹس شکیل احمد نے عمر ایوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر زیادہ ذمہ داری بنتی ہے آپ اپوزیشن لیڈر ہیں، حکومت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مسائل مل بیٹھ کر حل کریں اس میں سب کی بہتری ہے