پنجاب :خواتین پولیس افسراوں کو عالمی کانفرنس میں بھیجنے سے انکار

 منظوری کے باوجود افسروںکو موجودہ ڈیوٹی کے باعث بالی کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ ملی
لاہور(کرائم رپورٹر) وفاقی حکومت کی منظوری کے باوجود پنجاب حکومت نے خواتین پولیس افسران کو بالی میں ہونے والی 63ویں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کانفرنس میں شرکت کے لیے بھیجنے سے انکار کردیا۔ پنجاب پولیس نے خواتین افسران کی کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی ارسال کردیا ہے۔ کانفرنس میں پنجاب سمیت تمام صوبوں سے پولیس افسران نے شرکت کرنا تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے نیشنل پولیس بیورو نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد افسران کو کانفرنس میں شرکت کے لیے منتخب کیا تھا، جبکہ امریکی آئی این ایل پروگرام کی جانب سے کانفرنس کے اخراجات میں معاونت کی جانی تھی۔ پنجاب حکومت نے خواتین پولیس افسران کو ان کی موجودہ ڈیوٹیز کے دوران کانفرنس میں بھجوانے سے انکار کیا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے پنجاب پولیس کی ایس ایس پی عمارہ اطہر، ایس پی زینب ایوب، ایس پی بینش فاطمہ اور ایس پی عائشہ بٹ کو منتخب کیا گیا تھا۔ اسلام آباد پولیس کی ایس پی کائنات اظہر اور خیبر پختونخوا پولیس کی ایس پی ریشم جہانگیر بھی منتخب افسران میں شامل ہیں، جبکہ ایس پی شہر بانو نقوی کی بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی۔