مریم نواز کا پنجاب میں صفائی کا نظام 15 روز میں 100 فیصد بہتر بنانے کا ہدف

مریم نواز کا پنجاب میں صفائی کا نظام 15 روز میں 100 فیصد بہتر بنانے کا ہدف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال 100 فیصد بہتر بنانے کے لیے 15 روز کا ہدف مقرر کردیا ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں غیر تسلی بخش کارکردگی پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی جگہ سیلف آپریشن کے تحت صفائی کا نظام چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبے بھر کی سڑکوں پر گردوغبار کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مرکزی شاہراہوں کی روزانہ دھلائی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صفائی کے بعد سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے جائیں۔ مارکیٹوں اور بازاروں میں کوڑا پھینکنے والوں کو بھی جرمانے کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ موجود ہونے پر ان کے مالکان کو جرمانہ کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔مریم نواز نے دیہی علاقوں میں ہر متبادل دن صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر ضلع میں مطلوبہ افرادی قوت اور مشینری کی دستیابی کا ہدف مقرر کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں صفائی کے لیے درکار مشینری کی تفصیلات فراہم کرنے اور موجودہ مشینری و آلات کی فزیکل تصدیق کرنے کا حکم بھی دیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتیں کرنے اور ان کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے (KPIs) مقرر کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں صفائی کے عملے کی فلاح و بہبود پر بھی توجہ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہر شہر اور علاقے میں صفائی ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا، جبکہ سیلف آپریشن کے ذریعے ہونے والی بچت کا حتمی ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔