تلخ کلامی پر رکشہ ڈرائیور کی فائرنگ، ٹھیلے والا جاں بحق

تلخ کلامی پر رکشہ ڈرائیور کی فائرنگ، ٹھیلے والا جاں بحق

 راولپنڈی کے علاقے رحمت آباد میں رکشہ آگے پیچھے کرنے کے معمولی تنازع نے جان لے لی، جہاں رکشہ ڈرائیور کی فائرنگ سے تکہ کباب کا ٹھیلا لگانے والا دکاندار جاں بحق ہوگیا۔

 واقعے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب رکشہ ہٹانے یا آگے پیچھے کرنے کے معاملے پر رکشہ ڈرائیور اور تکہ کباب کا ٹھیلا لگانے والے دکاندار کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ معمولی بات پر ہونے والی بحث شدت اختیار کر گئی اور دونوں کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا۔پولیس کے مطابق ملزم شاہد نذیر نے طیش میں آکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دکاندار حفیظ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی۔ بعد ازاں لاش قانونی کارروائی مکمل ہونے پر ورثا کے حوالے کر دی گئی۔دوسری جانب فائرنگ کے بعد ملزم شاہد نذیر نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود شہریوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔