ناکہ سگیاں پر گاڑی سے ڈیڑھ سو سے زائد پتنگیں بر آمد، ملزم شاہدرہ پولیس کے حوالے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں پتنگوں کی غیر قانونی سپلائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجاہد اسکواڈ نے ناکہ سگیاں پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان شیخوپورہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے لاہور پتنگیں منتقل کررہے تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد پتنگیں بر آمد کرلی گئیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ذیشان اور عزیر کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شاہدرہ کے حوالے کردیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر داخلی و خارجی ناکہ جات پر سخت چیکنگ جاری ہے۔ ایس پی موبائلز بلال احمد نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی برقرار ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی احکامات کی پابندی کریں۔