ٹریفک حادثات، 742 افراد شدید زخمی

پنجاب بھر میں 1404 ٹریفک حادثات،موٹر سائیکل کے 78 فیصد، لاہور کا پہلا نمبر رہا
 لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1404 ٹریفک حادثات پر ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائیاں کیں، جن میں 742 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 901 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے اسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ان حادثات میں 78 فیصد واقعات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے۔ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل در آمد اور سڑکوں پر لائن و لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق حادثات میں 954 ڈرائیور، 69 کم عمر ڈرائیور، 520 مسافر اور 186 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور میں 230 حادثات رپورٹ ہوئے، تاہم متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے صوبائی دارالحکومت 282 افراد کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد 76 حادثات اور 89 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ ملتان 66 حادثات اور 80 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ رپورٹ کے مطابق ٹریفک حادثات کے مجموعی طور پر 1660 متاثرین میں 1359 مرد اور 301 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 338 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 874 کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 448 افراد کی عمریں 40 سال سے زائد تھیں۔ حادثات میں 1480 موٹر سائیکلیں، 108 آٹو رکشے، 137 کاریں، 35 وینیں، 16 مسافر بسیں، 40 ٹرک اور دیگر اقسام کی 89 گاڑیاں شامل تھیں۔