مہنگائی نے نوجوانوں کا گھر اور گاڑی خریدنے کا خواب مشکل بنا دیا، پریشے عدنان

کراچی (شوبز ڈیسک)معروف فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو مالی طور پر غیر ذمہ دار قرار دینا درست نہیں کیونکہ مہنگائی اور کم آمدنی نے ان کے لیے گھر اور گاڑی خریدنا مشکل بنا دیا ہے۔ پریشے عدنان نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کے دور میں چند ماہ کی آمدنی سے گھر کی پیشگی ادائیگی جبکہ ایک سال کی کمائی سے گاڑی خریدنا ممکن تھا لیکن آج نوجوانوں کی 60 سے 80 ہزار روپے ماہانہ آمدنی میں یہ خواب پورا کرنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی ادارے کم از کم اجرت کے قوانین پر بھی عمل نہیں کرتے اس لیے نوجوانوں کا کرائے کے گھروں میں رہنا جائیداد خریدنے میں عدم دلچسپی نہیں بلکہ مالی مجبوری ہے۔پریشے عدنان کے مطابق ملینیئل نسل مسلسل کام کرنے کے دبائو میں رہتی ہے جبکہ جین زی نے زندگی اور کام میں توازن کی اہمیت کو سمجھ لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر معاشرے میں بڑھتی بے چینی اور تنائو کو کم کیا جا سکتا ہے۔